لاہور(آن لائن)جمعیت علمائے اسلام(ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو ہونے والی فنڈنگ سے متعلق تحقیقات اورپیمرا کو مولانا فضل الرحمان کی متنازعہ تقاریر نشر کرنے سے روکنے کے حوالے سے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔ایڈووکیٹ ندیم سرور کی جانب سے دائر درخواست میں وفاقی حکومت، مولانا فضل الرحمان، پیمرا اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ مولانا فضل الرحمان اشتعال انگیز تقاریر کر کے لوگوں کو حکومت کے خلاف اکسا رہے ہیں، مولانا فضل الرحمان کی تقاریر سے انتشار پھیلنے کا خدشہ ہے،
مولانا فضل الرحمان نے کہا آسیہ بی بی کا فیصلہ بیرونی دباؤمیں دیا گیا جو توہین عدالت ہے۔مولانا فضل الرحمان نے آزادی مارچ کے لیے ڈنڈا بردار اپنی فوج تیار کر لی جو قانون کے منافی ہے،مولانا فضل الرحمان اسلام آباد میں مارچ کی تیاریوں پر کڑوڑوں روپے خرچ کر رہے ہیں۔استدعا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی اشتعال انگیز تقاریر کرنے کے خلاف 124 اے کے تحت کاروائی حکم اورالیکشن کمیشن کو مولانا فضل الرحمان کو ہونے والی فنڈنگ سے متعلق تحقیقات کا حکم دے۔عدالت پیمرا کو مولانا فضل الرحمان کی تقاریر نشر کرنے سے روکے۔