اسلام آباد (این این آئی)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے حزب اختلاف کی جماعتوں کو پیشکش کی ہے کہ وہ پریڈ گراؤنڈ میں احتجاج کریں تو تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کی جا سکتی ہیں۔ذرائع نے بتایاکہ حکومتی اور رہبر کمیٹیوں کے اجلاس کے دوران ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران درانی ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے حزب اختلاف کی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں کو اپنی پیشکش سے آگاہ کیا۔ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ کے افسران نے اپنی آمد
کے متعلق کہا کہ وہ حزب اختلاف سے تمام نکات پر بات چیت کرنے کیلئے آئے ہیں۔ذرائع کے مطابق حکومتی کمیٹی کے سربراہ اور وزیر دفاع پرویز خٹک جب مذاکرات کے لیے پہنچے تو انہوں نے اپنے سابقہ مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے استعفے پر کوئی بات نہیں ہوگی۔قائم مقام صدر مملکت صادق سنجرانی اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی بھی حکومتی مذاکراتی ٹیم کے ہمراہ اپوزیشن کی رہبر کمیٹی سے ملاقات کیلئے پہنچے تھے۔