اسلام آباد (این این آئی) وفاقی پولیس نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے دھرنے کے پیش نظر صرف تین دن کی سیکیورٹی کے اخراجات کی مد میں حکومت سے 15 کروڑ روپے مانگ لئے ہیں، اس سے قبل پولیس کی جانب سے 25 کروڑ روپے مانگے گئے تھے
جسے وزارت داخلہ نے مسترد کردیا تھا۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس نے جے یو آئی(ف) کے دھرنے کے پیش نظر سیکیورٹی اخراجات کیلئے پولیس نے 15 کروڑ مانگ لئے ہیں، 15 کروڑ روپے کی اضافی رقم صرف 3 دن کیلئے ہوگی، دھرنے کی مدت بڑھنے پر رقم بھی بڑھ جائیگی۔ذرائع کے مطابق اس سے قبل پولیس نے 25 کروڑ مانگے تھے، جسے وزارت داخلہ نے مسترد کردیا تھا، اس میں تین دن کا کھانا،رہائش،پیٹرول،کنٹینرز ودیگراخراجات شامل ہوں گے، پہلی سمری میں 6 سو کنٹینرز تھے، جسے وزارت داخلہ کی ہدایت پر4 سو کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق دیگرصوبوں اور آزاد کشمیر سے پولیس و ایف سی کے 20 ہزار جوان مانگے گئے ہیں۔یاد رہے آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان نے جے یو آئی (ف) کے ممکنہ دھرنے کے پیش نظر اسلام آباد پولیس کی چھٹیاں منسوخ کر دیں تھیں، اہلکار انتہائی ایمرجنسی کی صورت میں ہی چھٹی کر سکیں گے۔پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ رواں ماہ ممکنہ احتجاج سے نمٹنے کیلئے اہلکاروں کی ٹریننگ روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے، دارلحکومت کا امن و امان خراب کرنے کی اجازت کسی بھی طور پر نہیں دی جائیگی۔