لاہور(این این آئی) بینکنگ کورٹ نے شریف برادران کے بنک ڈیفالٹرچچا زاد بھائیوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 29نومبر تک جواب طلب کر لیا۔بینکنگ کورٹ کی جج شاہدہ سعید نے نجی بینک کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ کشمیر فیڈز کے زاہد شفیع، سلمان مجاہد بٹ، علی مبارک اور دیگر مالکان نے بنک سے 2007ء میں قرض حاصل کیا۔کشمیر فیڈز نے 14 کروڑ 86 لاکھ 87 ہزار روپے
مالیت کے سویا بین اور مکئی کے تھیلے رہن رکھوائے تھے۔ تاہم کشمیر فیڈز کے مالکان نے قرض کی ادائیگی سے بچنے کیلئے رہن شدہ سٹاک چوری کروایا دیا۔قرض کی رقم کی ریکوری کیلئے مالکان کو نوٹسز بھجوائے جا چکے ہیں۔استدعا ہے کہ بنک کا سٹاک چوری کرنے اور رقم کی عدم ادائیگی پر کشمیر فیڈز کے مالکان کیخلاف فوجداری کارروائی عمل میں لائی جائے۔