کراچی(این این آئی) ایم کیو ایم کے سابق کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ آوارہ کتوں کی بہتات و ڈینگی کی ذمہ داری بھی سرفراز احمد پر ڈال دینی چاہیے،مولانا فضل الرحمان کے مارچ کے نتیجے میں موجودہ حکومت اگر گر بھی جائے تو ملکی معیشت کہاں جائے گی؟
صحت، تعلیم اور صفائی کے مسائل کا حل کون کرے گا؟۔ ہفتہ کو انسدادِ دہشتگردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران فاروق ستار نے کہا کہ ملک کا سیاسی منظر نامہ عجیب و غریب ہے، حکومت کے خلاف اپوزیشن ایک طرف ہے، اپوزیشن اور حکومت پر اس وقت بھاری ذمہ داری عائد ہے، ملکی معیشت کا بیڑا غرق ہوگیا ہے، میرا سوال یہ ہے کہ اس حکومت کو گرا کر اگلا لائحہ عمل کیا ہوگا؟ مولانا فضل الرحمان کے مارچ کے نتیجے میں موجودہ حکومت اگر گر بھی جائے تو ملکی معیشت کہاں جائے گی؟ صحت، تعلیم اور صفائی کے مسائل کا حل کون کرے گا؟انہوں نے کاکہ سرفراز احمد کو قیادت سے ہٹانے کے سوال پر فاروق ستار نے کہا کہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو دو تین میچز کی کارکردگی کو بنیاد بنا کر ہٹانا غلط ہے، اس اقدام سے تعصبانہ سوچ کی بو آتی ہے، کراچی میں آوارہ کتوں کی بہتات اور ڈینگی کی ذمہ داری بھی سرفراز احمد پر ڈال دینی چاہیے۔فاروق ستار نے کہا کہ کراچی کے میئر وسیم اختر صرف اختیارات کا رونا روتے ہیں، اگر اختیارات نہیں تو استعفیٰ دے کر عوام کے ساتھ کھڑے ہوتے، میئر شپ ختم ہونے کے بعد خالد مقبول صدیقی اور عامر خان نہیں بچائیں گے۔ کراچی میں گٹکا ، مین پوری اور ماوے پر پابندی سے متعلق انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ گْٹکے پر پابندی لگے یا نا لگے، عوام گْٹکا کھانا بند کردیں۔