اسلام آباد (آن لائن)سابق چیئرمین سینٹ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے عمران خان کے دورہ چین پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاش سلیکٹرز سلیکٹڈ کو اقتدار میں لانے سے قبل ان کے دماغ میں ایک چھٹانک عقل ہی ڈال دیتے۔ سلیکٹڈ وزیراعظم ملک کو بدنام کرنے کے ایجنڈا پر عمل پیرا ہیں۔ نالائق شخص کے پاس ملک کی تعریف کے لئے ایک لفظ بھی نہیں ہے۔ ایک بیان میں سید نیر حسین بخاری نے کہا کہ نیب کے
ذریعے دہشت پھیلانے والا شخص500 تو کیا پانچ کروڑ لوگوں کو بھی جیل میں ڈال دے تو بھی انہیں ذہنی سکون نہیں ملے گا کیونکہ ان کی ترجیح فتنہ فساد اور انتقام کے سوا کچھ بھی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جن لوگوں کو کرپٹ کہتے تھے وہ سب ان کی کابینہ میں ہیں۔ منی لانڈرنگ میں جہانگیر ترین اور علیمہ خان سرفہرست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم ملک اور عوام پر بوجھ بن چکے ہیں، ان کی ظالم سونامی نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔