اسلام آباد (این این آئی)جج ویڈیو سکینڈل میں سابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی۔تفصیلات کے مطابق جج ویڈیو سکینڈل میں سابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی ہے۔درخواست سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے دائر کی ہے،درخواست میں جج ارشد ملک و دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیاہے کہ ہمیں نوٹس کئے اور سنے بغیر یہ فیصلہ دیا گیا ہمارا موقف لئے بغیر
عدالت نے معاملے کے پیرامیٹرز طے کردئیے۔درخواست میں کہا گیاہے کہ ویڈیو سکینڈل کے معاملے پر ہمارا موقف بھی سنا جائے،سپریم کورٹ نے ویڈیو سکینڈل میں جو فیصلہ دیا اْس سے ہمارا حق متاثر ہوا ہے،اس لئے انصاف کے تقاضے پورے کرنے کیلئے ہمارا موقف سنا جائے۔ درخواست میں کہا گیاہے کہ ہمارا موقف سن کر سپریم کورٹ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔سابق وزیراعظم نے نظر ثانی اپیل میں اپنے خلاف آبزرویشنز پر نظر ثانی کی استدعا کی ہے۔