کراچی (این این آئی)سندھ حکومت کے ترجمان مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ مولانافضل الرحمان کے دھرنے کی اخلاقی حمایت کریں گے لیکن پیپلزپارٹی دھرنے میں شریک نہیں ہوگی۔تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی رہنما اور مشیر وزیراعلی سندھ مرتضی وہاب نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا مولانافضل الرحمان کے دھرنے کی اخلاقی حمایت کریں گے
لیکن عملی طور پر پیپلزپارٹی دھرنے میں شریک نہیں ہوں گے۔مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو بھی اظہارکرچکے ہیں ، جمہوریت کوخطرات لاحق ہیں ، بلاول بھٹو عوام کو مسائل سے نکالنا چاہتے ہیں۔مرتضی وہاب نے کہا کہ وفاقی وزرا اپنے کام کے علاوہ سب کام کرتے ہیں ، شیخ رشید ریلوے کو بہتر بنانے کے بجائے سیاست میں مصروف ہیں، شیخ رشید کو چاہیے کہ وہ وزیراعظم کو مشورے دیں پیپلزپارٹی کو اس کی ضرورت نہیں ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ایسا کوئی قدم نہیں اٹھائے گی جس سے جمہوریت کو نقصان ہو، ہم ظلم برداشت کرنے کو تیار ہیں مگر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔بلاول کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن نے 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کا اعلان کیا ہے، مولانا فضل الرحمن کی کس حد تک مدد کر سکتے ہیں پارٹی اجلاس بلایا ہیواضح رہے مولانا فضل الرحمان نے 27 اکتوبر کو اسلام آباد کی طرف مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا آزادی مارچ کی تاریخ سے متعلق کوئی تبدیلی نہیں ہوگی، ملک بھر سے اس مارچ میں قافلے شریک ہوں گے۔