اسلام آباد (نیوز ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما آصف ہارون کے قتل سے متعلق رکن اسمبلی اسلم خان اور ڈی ایم سی چیئرمین ریحان ہاشمی کی آڈیو کال لیک ہو گئی، اس آڈیو کال میں اسلم خان کو آصف کو مسجد سے نکلتے ہوئے سر پر گولی ماری کہتے ہوئے صاف سنا جا سکتا ہے۔ آپ کو، مجھ کو سب کو پتہ ہے قتل کس نے کیا، رکن اسمبلی اسلم خان نے کال میں کہا کہ قتل سے قبل مقتول آصف ہارون نے بلدیاتی مسائل پر ویڈیو بھی بنائی تھی،
رکن اسمبلی اسلم خان کا کال ریکارڈنگ لیک ہونے کے بعد کہنا ہے کہ انہوں ڈی ایم سی چیئرمین کو عدالت لے جانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کا مجھ پر شدید دباؤ تھا کہ آپ متعلقہ لوگوں سے بات کریں، اسلم خان نے کہا کہ ریحان ہاشمی کو چار بار کال کی، واپسی کال پر ریکارڈنگ لیک کی گئی، انہوں نے کہا کہ کسی کی کال ریکارڈ کرکے لیک کرنا جرم ہے، انہوں نے کہا کہ وقت آنے پر بہت کچھ سامنے لاؤں گا۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے رہنما آصف ہارون کو مسجد سے نکلتے ہوئے گولی ماری گئی تھی، پولیس نے اس قتل کو ٹارگٹ کلنگ قرار دیا تھا، دوسری جانب گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ کراچی دنیا کے محفوظ ترین شہروں میں سے ایک ہے۔ ملک دشمن عناصر نہیں چاہتے شہر کا امن قائم رہے۔تحریک انصاف کے کارکن آصف ہارون کی ٹارگٹ کلنگ میں بیرون ملک موجود عناصر کا ہاتھ ہوسکتا ہے۔یہ بات انہوں نے دوروز قبل ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے پی ٹی آئی کارکن آصف ہارون کے گھرپر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہی، اس موقع پر عمران اسماعیل نے پی ٹی آئی کے مقتول کارکن آصف ہارون کے اہلخانہ سے تعزیت کی اور قاتلوں کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی کرائی۔جبکہ میڈیا سے گفتگومیں ان کا کہناتھاکہ غم کی گھڑی میں شہید آصف ہارون کے اہلخانہ کے ساتھ ہے۔ شہید آصف ہارون کے قاتلوں کو ہر صورت پکڑا جائیگا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ آصف ہارون کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا۔اس قسم کا واقعہ شہر میں ٹارگٹ کلنگ شروع کرنے کی نئی کڑی ہو سکتی ہے۔ آصف ہارون کا قتل کراچی کا امن خراب کرنے کی سازش ہے۔ دوبارہ کراچی کے امن کو خراب ہونے نہیں دیں گے۔