اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)صوبائی دارالحکومت لاہور سے 5 من زندہ مینڈک برآمد ہونے کے معاملے کا ڈراپ سین،نجی ٹی وی کے مطابق اظہر اسحاق مسیح ،اپنے بھائی پرنس اسحاق مسیح کیساتھ مینڈک بلٹی کروانے جارہا تھا کہ دونوں پولیس کے ہاتھوں دھر لئے گئے ،رہائی کے بعد اظہراسحاق مسیح نے کہا ہم محنت مزدوری کرتے ہیں ۔
اس روز110مینڈک بلٹی کروانے لے جارہے تھے ،ایک مینڈک 30سے 40 میں فروخت ہوتا ہے ، زندہ مینڈک سلمان سائینٹفک اسٹور راولپنڈی بھیجنے تھے۔سال میں ایک یا 2 بار اتنی ہی تعداد میں مینڈک بلٹی کرواتا ہوں۔ مینڈک میڈیکل کے طلبا کے پریکٹیکل کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔اس موقع پر نجی کالج کے پرنسپل کی جانب سے جاری لیٹر بھی دکھایا جس میں انہیں اجازت دی گئی ، لیٹر میں ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن فوڈ اتھارٹی کو مینڈکوں کی خرید اری سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ مینڈکوں کا گوشت ریسٹورنٹس میں استعمال کیے جانے کی باتوں میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔ مینڈکوں کا گوشت ریسٹورنٹس میں استعمال کرنا ممکن ہی نہیں ہے۔ ان کے والد نے کہا کہ انہیں معلوم تھا کہ ان کے بیٹے یہ کام کرتے ہیں ، وہ بھی کبھی کبھار ان کا ہاتھ بٹاتے تھے ، اگر 5من مینڈک بیچ کر ہم منافع کماتے تو اس چھوٹے سے گھر میں نہ رہ رہے ہوتے ، ان کی والدہ سے جب بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ ان کے بچوں کیساتھ پولیس تھانے میں بدتمیزی کی گئی ،انہیں مارا پیٹا گیا، یادرہے اس حوالے سے محکمہ وائلڈ لائف حکام نے موقف اختیار کیا کہ مینڈکوں کے حوالے سے کوئی قانون موجود نہیں ہے اس لیے یہ معاملہ ہمارے دائرہ کار میں نہیں آتا۔ محکمہ وائلڈ لائف حکام کے اس موقف کے بعد پولیس نے گرفتار دونوں افراد کو رہا کر دیا جبکہ مینڈکوں کو دریا برد کر دیا گیاتھا۔