نیویارک (این این آئی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ او آئی سی سی کے مشترکہ اعلامیہ پر تمام ممبران نے توثیقی دستخط کئے، ابہام ختم ہوگیا، پوری امہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے مکمل طورپر متحد ہے،ہمیں امریکہ کے رویے میں واضح تبدیلی دکھائی دے رہی ہے اس لئے بار بار ثالثی کی پیشکش کر رہے ہیں،دنیا بدل رہی ہے واشنگٹن پوسٹ، انڈپنڈنٹ، نیویارک ٹائمز میں کون لکھ رہا ہے سارا مغربی میڈیا لکھ رہا ہے۔ بدھ کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے
او آئی سی کے رابطہ گروپ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ گروپ کے اجلاس میں صدر آزاد کشمیر نے کشمیریوں کی نمائندگی کی،اجلاس میں ایک مشترکہ اعلامیہ پر تمام ممبران نے توثیقی دستخط کیے۔ انہوں نے کہاکہ جن لوگوں کو او آئی سی کے حوالے سے ابہام تھا وہ ختم ہو گیا،پوری امہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے مکمل طور پر متحد ہے۔ انہوں نے کہاکہ صبح وزیر اعظم عمران خان نے نیویارک ٹائمز کے ایڈیٹوریل بورڈ سے ملاقات کی۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ کشمیریوں کی آواز روز، بروز زور پکڑتی جا رہی ہے،جس طرح وزیر اعظم عمران خان نے صدر ٹرمپ سے کشمیر پر دو ٹوک بات کی وہ قابل فخر ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ جب 27 کو وزیر اعظم عمران خان اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے چوہترویں اجلاس میں خطاب فرما رہے ہونگے تو باہر ہزاروں افراد مودی کے خلاف بھر پور مظاہرہ کر رہے ہونگے۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہمیں امریکہ کے رویے میں واضح تبدیلی دکھائی دے رہی ہے اس لئے وہ بار بار ثالثی کی پیشکش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایک ملک جس کا نام بھارت ہے اس نے سارک کو بے معنی کر کے رکھ دیا ہے جب سب ٹھیک ہے تو آپ سارک کے اجلاس میں آنے سے کیوں گھبراتے ہیں،وزیر اعظم عمران خان نے پریس کانفرنس میں واضح کہا کہ دنیا ساری صورتحال کو سمجھتی ہے لیکن ان کی تجارتی مجبوریاں ہیں۔انہوں نے کہاکہ دنیا بدل رہی ہے واشنگٹن پوسٹ، انڈپنڈنٹ، نیویارک ٹائمز میں کون لکھ رہا ہے
سارا مغربی میڈیا لکھ رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ میری یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ فیڈریکا موگیرینی سے ملاقات ہوئی ہے،انہوں نے کہاکہ یورپی یونین جو 28 ممالک کی نمائندہ ہے اس میں پہلی مرتبہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کا ذکر کیا گیا ہے، جو ہمارا سیاسی اور سفارتی نقطہ نظر تھا اسے او آئی سی کے رابطہ گروپ کے جاری اعلامیہ میں اس کی توثیق ہوئی۔