اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف (پی ا?ٹی ا?ئی) کے رہنما اور سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہاہے کہ ہم پی ٹی آئی حکومت کا مثبت تاثر قائم کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ایک انٹرویومیں انہوں نے کہاکہ عام آدمی کی بہتری کے لیے جتنے اقدامات پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے کیے ہیں شاید ہی کسی اور نے کیے ہوں، احساس پروگرام اور اسی سلسلے کی ایک کڑی ہیں۔وزیراعظم عمران خان کی کشمیر کے حوالے سے کاوشوں پر فیصل جاوید خان نے کہا کہ پاکستان کشمیر کے لیے
زبردست کوششیں کر رہا ہے، عمران خان کے دورہ امریکہ کے دوران 70 ملاقاتیں طے ہیں اور ان سب میں مرکزی موضوع گفتگو کشمیر ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مزید بھرپور طریقے سے کشمیر کا مقدمہ پیش کریں گے۔انہوں نے کہاکہ امید ہے کہ امریک صدر ڈونلڈ ٹرمپ مسئلہ کشمیر کے حل میں مثبت کردار ادا کریں گے۔وزیراعظم عمران خان کی بین الاقوامی سطح پر پذیرائی کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ 1960 کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کی قیادت پر بین الاقوامی سطح پر اتنے اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے، صدر ٹرمپ نے بھی عمران خان کی بہت تعریف کی ہے۔فیصل جاوید خان نے کہا کہ ہیومن رائٹس انٹر پارلیمنٹری یونین کے اجلاس میں پاکستان کو زبردست سفارتی فتح اس وقت حاصل ہوئی جب پاکستان کی جانب سے کشمیر کا مقدمہ پیش کیے جانے کے بعد 40 ممالک کے نمائندوں نے ایک منٹ کے لیے کھڑے ہو کر کشمیر سے اظہار یکجہتی کیا۔انہوں کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے دیا جانے والا یہ تاثر سراسر غلط ہے کہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان ووٹ حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے، پاکستان کی سفارتی کوششوں کی وجہ سے تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ اقوام متحدہ کے 50 رکن ممالک نے مشترکہ بیان دیا ہے کہ بھارت کشمیر سے کرفیو اٹھائے۔پنجاب کے سیاسی محاذ پر ہلچل کے بارے میں پوچھے گئے
ایک سوال پر پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ پنجاب میں مسائل بہت پرانے ہیں، یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ اصلاحات ایک دم سے نہیں آ جاتیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے متعلق انہوں نے کہاکہ کپتان بہت بہتر جانتے ہیں کہ وہ کارکردگی دِکھا سکیں گے یا نہیں، بزدار صاحب والا معاملہ کرکٹ میں بھی ہوتا ہے، دوسروں کو پتہ نہیں ہوتا کہ کوئی کھلاڑی چلے گا یا نہیں مگر کپتان اس بارے میں بہتر جانتا ہے۔فیصل جاوید خان نے کہا کہ ہمیں ادراک ہے کہ عوام مہنگائی اور دوسرے مسائل کی وجہ سے پریشان اور دکھی ہیں مگر دکھ وہاں ہوتا ہے جہاں امید ہو اور امیدیں ٹوٹنی نہیں چاہئیں۔پی ٹی آئی کے رہنما نے پرامید لہجے میں بتایا کہ حکومت کے آخری سال میں عوام ہماری تعریف کریں گے۔بلاول بھٹو زرادری کے متعلق انہوں نے کہاکہ لوگ بلاول کی باتوں پر ہنستے ہیں ہم بھی مسکرا دیتے ہیں۔