نئی دہلی (این این آئی)بھارت میں آج کل پاکستانی وزیرِ اعظم عمران خان کی کفایت شعاری کے چرچے ہو رہے ہیں۔بھارتی ویب سائٹ نے عمران خان کے کم بجٹ اور سادگی کے ساتھ امریکی دورے پر مضمون شائع کیا جس میں کہا گیا کہ عمران خان کا مذاق اڑانے کی بجائے بھارتی سیاستدانوں کو ان کے کم بجٹ کے امریکی دورے سے کچھ سیکھنا چاہیے۔بھارتی جریدے میں شائع ہونے والے مضمون میں کہا گیا کہ عمران خان ملک کو خراب معاشی صورتحال سے نکالنے کے لیے کوشاں ہیں اور انہوں نے وزیر اعظم ہاوس کے اخراجات بھی 32 فیصد تک گھٹائے۔مضمون میں وزیرا عظم عمران خان کا
سابقہ وزیرِ اعظموں سے موازنہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس سے قبل سابق پاکستانی حکمرانوں کا چارٹرڈ طیاروں کا استعمال معمول تھا، جولائی میں امریکا کے دورے میں عمران خان نے چارٹرڈ فلائٹ کی بجائے کمرشل ایئرلائن میں سفر کیا تھا۔مضمون میں لکھا گیا کہ عمران خان نے پر تعیش ہوٹل کی بجائے سفارت خانے میں قیام کیا، دورہ امریکا ان کی کفایت شعاری کی مہم کا تسلسل ہے۔عمران خان کی کفایت شعاری کی تعریف کرتے ہوئے لکھا گیا کہ انہوں نے حکومت میں آتے ہی اپنی کابینہ کے وزرا سمیت عوام کو بھی سادگی اختیار کرنے کا مشورہ دیا تھا جس پر وہ خود بھی ابھی تک عمل پیرا ہیں۔