کراچی(این این آئی)آئندہ موسم سرما میں ایک بار پھر گیس کا بحران پیدا ہونے کے خدشات قوی ہوتے جارہے ہیں کیوں کہ بجلی گھروں میں فرنس آئل کا عدم استعمال جاری رکھنے کے منصوبے کی وجہ سے کچھ فیلڈز سے تیل و گیس کی رسد معطل ہوسکتی ہے۔اگر بجلی گھروں میں استعمال کے لیے فرنس آئل حاصل نہ کیا گیا تو آئل ریفائنریز اپنی پیداوار محدود کرسکتی ہیں، واضح رہے کہ مقامی طور پر پیداشدہ گیس اور درآمدی ایل این جی
کے مقابلے میں فرنس آئل مہنگا ہوتا ہے۔پچھلی سردیوں میں بھی بجلی گھروں کی جانب سے فرنس آئل خریدنے سے انکار کے بعد آئل ریفائنریز نے پیداوار میں کمی کردی تھی اور اپنے پلانٹ بند کرنے دھمکی بھی دی تھی۔ریفائنریز کی پیداوار میں کمی کے بعد تیل و گیس کے پیداکنندگان کو کچھ فیلڈز بند کرنی پڑی تھیں جس کے نتیجے میں مقامی طور پر پیداشدہ گیس کی پیداوار بھی محدود ہوگئی تھی اور بحرانی صورت حال نے جنم لیا تھا۔