لاہور(این این آئی)ممتازا یٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے اپنے انتقال کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں بالکل خیریت سے ہوں اور اللہ مجھے دشمنوں کے دل جلانے کے لئے ضرور مزید کئی سال زندہ رکھے گا۔ ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان علالت کے باعث ہسپتال میں زیر علاج ہیں اورڈاکٹر عبدالقدیر خان کی علالت کے باعث سوشل میڈیا پر ان کے انتقال کی جھوٹی خبریں پھیل گئیں۔ڈاکٹر عبد القدیر خان نے سوشل میڈیا پر اپنے
ویڈیو بیان میں کہا کہ میرے پاکستانیوں،السلام وعلیکم،اللہ تعالی کے فضل و کرم سے میں سلامت ہوں،چند نمک حرام سوشل میڈیا پر بری بری خبریں لگا رہے ہیں۔میں بالکل ٹھیک ہوں۔ اللہ مجھے دشمنوں کے دل جلانے کے لئے ضرور مزید کئی سال زندہ رکھے گا۔اس پوسٹ پر تمام صارفین نے تبصرہ کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے لکھا کہ اللہ آپ کو طویل عمر سے نوازے اور ملک کو دشمنوں کے شر سے دور رکھے۔