اسلام آباد (این این آئی)سابق سفیر عبدالباسط نے کہا ہے یکہ کشمیر معاملے پر بھارت نہیں ، پاکستان دباؤ میں ہے اور پاکستان کی سفارتکاری بری طرح ناکام ہو گئی ہے۔ ایک انٹرویومیں سابق سفیر عبدالباسط نے کہا کہ نائن الیون کے بعد ہم کشمیر کے معاملے پر پیچھے ہٹے ہیں ، بھارت نے فائدہ اٹھایا،ہماری سفارتکاری ناکام ہو گئی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو دو باتیں نہیں کرنی چاہیے تھیں کہ
پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ نہیں ہو سکتی یہ آپ کی سفارتکاری کو پہلے ہی کمزور کر دیتی ہے، دوسری بات لوگوں کو وہاں جانے سے روکا جا رہا ہے، آپ بھارت کو پہلے ہی بتا رہے ہیں کہ ہم کچھ نہیں کر سکتے۔بھارت میں پاکستان کے سابق سفیر نے کہا کہ کئی چیزیں ایسی ہوتی ہیں جس پر کچھ کہنا نہیں چاہیے اور خاموش رہنا بہتر ہوتا ہے لیکن ہمارے رہنما سب کچھ کہتے پھر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قائدین کا کاغذ سے دیکھ کر پڑھنا کوئی بری بات نہیں ہے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں وزیر اعظم کو تیاری سے جانا چاہیے۔عبدالباسط نے کہا کہ اقوام متحدہ میں سیکیورٹی کونسل کے اجلاس کا ہم نے بہت شور مچایا لیکن نکلا کچھ بھی نہیں۔ ہیومن رائٹس کونسل میں ہم کوئی اہم کردار ادا نہیں کرسکے قرار داد تو بہت دور کی بات تھی ہم تو کشمیر کے مسئلہ پر بحث بھی نہیں کر اسکے۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں جنون کی سی کیفیت ہے اور بھارت کسی قسم کے دباؤ میں نظر نہیں آ رہا تاہم پاکستان ضرور دباؤ میں ہے اور ہماری حکومت کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کر سکی ہے۔