اسلام آباد (این این آئی) پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں حکومت مزید نہیں چل سکتی، لاک ڈاؤن سے متعلق پیپلز پارٹی عوامی امنگوں کے مطابق فیصلہ کرے گی،آئین کے آرٹیکل 149 کا کچرے پر استعمال نہیں ہو سکتا،بہانے سے آرٹیکل کے نفاذ سے وفاق کمزور ہو گا،فائدہ میں چلنے والے پاور پلانٹ کی نجکاری نہیں ہو سکتی۔ بدھ کو یہاں گرفتاری سے کچھ دیر پہلے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہاکہ موجودہ حالات میں حکومت مزید نہیں چل سکتی۔
انہوں نے کہاکہ لاک ڈاون سے متعلق پیپلز پارٹی عوامی امنگوں کے مطابق فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ ابھی دلی دور است ہے، پیپلز پارٹی بہتر فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت خود حالات ایسے پیدا کر رہی، جو اتفاق نہیں وہ ہو بھی جائیگا۔انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہے پارلیمنٹ 5 سال پورے کرے۔ انہوں نے کہاکہ کیسے پورے کرے گی یہ بیٹھ کر سب کو سوچنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ آئین کے آرٹیکل 149 کا کچرے پر استعمال نہیں ہو سکتا۔ خورشید شاہ نے کہاکہ وفاقی حکومت صوبائی حکومت کی مدد کرے۔ انہوں نے کہاکہ بہانے سے آرٹیکل کے نفاذ سے وفاق کمزور ہو گا۔ خورشید شاہ نے کہاکہ دشمن سر پر بیٹھا ہے ایک ہی جھٹکے میں ملک تباہ کر دے گا۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری، آئین کا رکھوالا خود آئین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ صدر اور وزیراعظم نے آئین کی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے کہاکہ لاک ڈاؤن کا رواج عمران خان نے خود ڈالا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کنٹینر پر چڑھ کر سیاسی اقدار بھول گیا،عمران خان ابھی تک کنٹینر سے نہیں اترا۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی معیشت جنگی حالات کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہاکہ بارڈر پر جنگ کی صورتحال ہے۔ خورشید شاہ نے کہاکہ حکومت گڈو پاور پلانٹ کی نجکاری کرنے جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ فائدہ میں چلنے والے پاور پلانٹ کی نجکاری نہیں ہو سکتی۔