لاہور(این این آئی)سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا بیانیے کو مقبولیت ملی ہے،اس عدالت کا سوچنا چاہیے جس کے جج کی ویڈیو دکھا کر فیصلہ لیا گیا۔مقامی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا کہ یہاں تو فیصلے
ویڈیو دکھا کر لئے جاتے ہیں،جج نے اپنی ویڈیو میں کیا کہا؟۔اصل پریشانی کی بات یہ ہے کہ وہ کون لوگ ہیں جو ججوں کو ویڈیو بنا کر بلیک میل کرتے ہیں۔بعد ازاں انہوں نے حضرت داتا گنج بخش ؒ کے مزار مبارک پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر لیگی رہنما ہارون بھٹہ، مرزا جاوید سمیت دیگر کارکنان بھی ان کے ہمراہ تھے۔