کراچی(این این آئی)ایف آئی اے سائبر کرائم سیل نے لڑکیوں کی نازیبا تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر کے ان سے پیسے وصول کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا،ملزم نے جس واٹس اپ گروپ پر تصاویر شیئر کیں، اس میں لڑکی کے والد کو بھی ایڈ کیا۔تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم سیل کراچی کی ٹیم نے گلشن اقبال بلاک 3اور گلستان جوہر بلاک2میں کارروائی کرتے ہوئے
دو ملزمان شیث علی خان اور محمد طحہ خان کو گرفتار کر لیاہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر سائبر کرائم عبدالغفار کے مطابق ایف آئی اے کو ایک لڑکی کے والد نے شکایت کی تھی کہ واٹس ایپ کے کا گروپ جس کا نام ’’بائیولوجیکل اسٹڈی میٹریل‘‘ہے میں انہیں ایڈ کیا گیا ہے اور اس میں انکی بیٹی کی نازیبا تصاویر شیئر کی گئی ہیں جبکہ انسٹاگرام پر بھی ایک لڑکے نے آئی ڈی بنا کر ان کی بیٹی کی تصاویر اپ لوڈ کی ہیں۔عبدالغفار نے بتایا کہ لڑکی اور گرفتار ملزم شیث خان کی دوستی تھی ،دوستی ختم ہونے کے بعد ملزم نے اسے بلیک میل کیا تو لڑکی نے اپنے ایک دوست طحہ کو بتایا جس نے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے لڑکی سے وہ تصاویر حاصل کیں ا ور شیث خان کے نام سے آئی ڈی بنا کر انہیں اپ لوڈ کیا۔انہوں نے بتایا کہ ملزم طحہ خان نے لڑکی کو بلیک میل کر کے ایزی پیسہ کے ذریعے 87ہزار روپے کی رقم بھی وصول کی۔ڈپٹی ڈائریکٹر نے بتایا کہ ملزم طحہ خان کے موبائل فون سے اور لڑکیوں کی بھی نازیبا تصاویر برآمد ہوئی ہیں اور وہ اور بھی کئی لڑکیوں کو بلیک میل کر کے پیسے وصول کر چکا ہے۔