لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) معروف ڈرامہ وارث کے کردار ”دلاور خان“ سے شہرت پانے والے مایہ ناز اداکار عابد علی انتقال کر گئے، ان کے خاندانی ذرائع نے ان کی موت کی تصدیق کر دی ہے، واضح رہے کہ وہ جگر کے سرطان کے مرض میں مبتلا تھے اور کچھ روز سے ہسپتال میں زیر علاج تھے لیکن ڈاکٹرز نے جواب دے دیا تھا، ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق ان کی اہلیہ نے ان کی موت کی تصدیق کر دی ہے اور تمام لوگوں سے عابد علی کی مغفرت کے لیے دعا کی اپیل کی ہے،
معروف اداکار 67 برس کی عمر میں وفات پا گئے ہیں، ان کی تین بیٹیاں ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان ٹی وی کے سینئر اداکار عابد علی کی اہلیہ رابعہ عابد نے ویڈیو پیغام کے ذریعے اپنے شوہر کی صحت سے متعلق لوگوں کو آگاہ کرتے ہوئے ان کی صحت یابی کے لیے دعا کی درخواست کی تھی۔اس سے قبل سوشل میڈیا پر عابد علی کی موت سے متعلق جعلی خبریں بھی گردش کررہی تھیں جن کی ان کے اہلخانہ کی جانب سے تردید کردی گئی تھی۔عابد علی کی اہلیہ نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ عابدعلی سے متعلق غلط خبر سے ہمارے خاندان کوبہت تکلیف ہوئی۔رابعہ عابد علی نے کہا تھا کہ عابدعلی کچھ دنوں سیزیرعلاج ہیں، طبیعت کافی نازک ہے، بیماری اتنی اچانک اورشدید تھی کہ سنبھلنے کا موقع ہی نہیں ملا۔ اب انہوں نے اداکار عابد علی کی موت کی تصدیق کر دی ہے اور عوام سے ان کی مغفرت کے لیے دعا کی درخواست بھی کی ہے۔ عابد علی 1979ء میں معروف ڈرامہ وارث میں دلاور کے کردار سے مشہور ہوئے۔ اداکار عابد علی نے وارث کے علاوہ آن، پیاس، دوریاں، دشت اور مہندی میں بھی لازوال کردار ادا کئے۔ یاد رہے کہ عابد علی نے دو شادیاں کی تھیں، ان کی پہلی بیگم حمیرا علی اور دوسری رابعہ نورین ہیں اور ان دونوں کا تعلق بھی شوبز سے ہے۔عابد علی کو امجد اسلام امجد کے لکھے ہوئے ڈرامے وارث سے شہرت حاصل ہوئی، انہوں نے سیکڑوں ٹیلی وژن ڈراموں اور درجنوں فلموں میں کام کیا۔عابد علی کی نئی فلم ہیر مان جا آج کل سینما گھروں کی زینت بنی ہوئی ہے،
جبکہ نجی ٹیلی وژن سیان کے دو ڈرامہ سیریلز میرا رب وارث اور رمز عشق ٹیلی کاسٹ کیے جارہے ہیں۔عابد علی نے اپنے فنی کیریئر میں خواہش، دشت،دوسرا آسمان، وارث اورمہندی جیسے مشہور ڈرامے کئے اور متعدد فلموں میں کام کیا جب کہ آخری بار انہوں نے فلم ہیر مان جا میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ اداکار کو لا جواب اداکاری اور شعبے میں قابل قدر خدمات انجام دینے پر صدر پاکستان نے1985 میں انہیں پرائڈ آف پارفامنس سے بھی نوازا تھا۔عابد علی کے پرانے ساتھی اور سینئر اداکار توقیر ناصر نے عابد علی کے انتقال کو بڑا نقصان قرار دیا ہے۔ادھر وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے معروف اداکار عابد علی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا کی ہے۔ایک تعزیتی بیان میں وزیرِ اعلی سندھ نے کہا ہے کہ مرحوم عابد علی کا بہترین کام ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔