اسلام آباد (این این آئی)حکومت مخالف تحریک کے سلسلے میں چارٹر آف ڈیمانڈ کے معاملے پر حزب اختلاف کی جماعتیں اختلاف کا شکار ہوگئیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم کے استعفے پر اتفاق ہوگیا ہے تاہم اسمبلیوں کی فوری تحلیل کے مطالبے پر اختلاف پایا جاتا ہے۔جمعیت علمائے اسلام (ف) اسمبلیوں کی فوری تحلیل کے مطالبے کے ساتھ استعفے دینے پر زور دے رہی ہے۔جے یو آئی کا مؤقف ہے کہ
جب ہم (حزب اختلاف کی جماعتیں) انتخابات کو ہی جعلی کہتی ہیں تو اسمبلیوں میں کیوں بیٹھا جائے۔دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کا مؤقف ہے کہ حکومت پر پارلیمنٹ کے اندر اور باہر دباؤ ڈالنا چاہئے۔مسلم لیگ نواز اور پی پی پی کی رائے ہے کہ اسمبلیوں کی تحلیل کی بجائے وسط مدتی انتخابات کا مطالبہ چارٹر میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جے یو آئی (ف) حکومت کے خلاف فیصلہ کن تحریک پر زور دے رہی ہے۔