کراچی (این این آئی) کراچی میں گزشتہ روز سے حبس طاری ہے، تاہم شہر کے مختلف علاقوں میں اچانک ہونے والی بارش سے گرمی اور حبس کا زور ٹوٹنے موسم خوش گوار ہو گیا۔آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، برنس روڈ، سرجانی ٹاؤن، نیو کراچی، نارتھ کراچی، یوپی سوسائٹی، ناگن چورنگی، مسلم ٹاؤن، بفر زون، لسبیلہ، گرو مندر، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، گلشنِ اقبال، گلستانِ جوہر،
ملیر، شاہ فیصل کالونی، ائر پورٹ، لانڈھی، کورنگی، ڈیفنس، کلفٹن، ایم اے جناح روڈ، اورنگی ٹاؤن، سائٹ، بلدیہ ٹاؤن، شیر شاہ، لیاری، لی مارکیٹ، جونا مارکیٹ، بولٹن مارکیٹ، کھارادر، میٹھا در، ٹاور، کیماڑی سمیت کراچی بھر میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق بحیرہ عرب کے شمال مشرق اور بھارتی گجرات پر ہوا کا کم دباو ہے، اس کے باعث آج رات تھر، میرپور خاص، ٹھٹھہ اور بدین میں بارش متوقع ہے۔نہوں نے بتایا کہ کراچی میں آج سے شروع ہونے والی بارش کل سہ پہر تک جاری رہ سکتی ہے، شہرِ قائد میں ہلکی سے معتدل بارش کے 75فیصد امکانات ہیں۔ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز نے یہ بھی کہا کہ کراچی میں کچھ مقامات پر گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کے 60 فیصد امکانات ہیں۔شہر میں بارش شروع ہوتے ہی مختلف سڑکوں پر پھسلن پیدا ہو گئی، جس کے باعث متعدد موٹر سائیکل سوار سلپ ہو گئے، مختلف سڑکوں، گلیوں اور چوراہوں پر بارش کا پانی جمع ہو گیا۔کئی علاقوں میں بارش کی پہلی بوند پڑتے ہی بجلی غائب ہوگئی، جس سے اتوار کے روز گھروں میں چھٹی گزارنے والے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔