اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم عمران خان نے متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے نائب سربراہ اور ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان سے رابطہ کیا ہے۔ابوظہبی کے ولی عہد کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ ان کی وزیراعظم پاکستان عمران خان سے گفتگو ہوئی ہے۔ولی عہد نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے انہیں ٹیلی فون کال موصول ہوئی جس میں
دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات بڑھانے اور تازہ علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔خیال رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی گزشتہ دنوں متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا تھا جہاں انہیں یو اے ای کے سب سے بڑے سول ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور حالیہ غیر قانونی اقدام کے پیش نظر یو اے ای کی جانب سے بھارتی وزیراعظم کو اعزاز سے نوازنے پر شدید تنقید کی گئی تھی۔