اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم عمران خان نے فرانسیسی صدر اور اردن کے بادشاہ عبد اللہ بن حسین کو مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں یکطرفہ اقدامات سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں، بھارت کی غیر قانونی اور جبری پالیسیوں سے انسانی المیہ جنم لے رہا ہے،بھارتی پالیسیوں سے خطے کے امن کو خطرہ لاحق ہے۔بدھ کو وزیراعظم عمران خان نے فرانس کے صدر ایما نوئل میکرون اور
اردن کے شاہ عبد اللہ سے ٹیلفونک رابطہ کیا جس میں انہیں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے فرانس کے صدر سے ٹیلفونک رابطہ کیا جس میں انہیں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں یکطرفہ اقدامات سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی اقدامات سے خطے کے امن کو خطرہ لاحق ہے۔ وزیراعظم نے فرانسیسی صدر کو بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں کریک ڈاؤن میں کشمیری سخت مشکلات سے دو چار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال بگڑتی جا رہی ہے۔ اس موقع پر فرانس کے صدر نے کہا کہ فرانس مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا قریب سے جائزہ لے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام تصفیہ طلب مسائل پر امن ذرائع سے حل ہونے چاہئیں وزیراعظم عمران خان نے فرانسیسی صدر کو افغان مفاہمتی عمل کے کردار سے بھی آگاہ کیا۔ فرانسیسی صدر نے افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔ بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے اردن کے بادشاہ عبد اللہ بن حسین سے بھی ٹیلفونک رابطہ کیا جس میں وزیراعظم عمران خان نے بادشاہ کو مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کی غیر قانونی اور جبری پالیسیوں سے انسانی المیہ جنم لے رہا ہے انہوں نے کہا کہ بھارتی پالیسیوں سے خطے کے امن کو بڑا خطرہ ہے
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت مقبوضہ وادی میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی اقدامات سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان سے بات چیت کرتے ہوئے شاہ عبد اللہ بن حسین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں خطے میں فوری طور پر کشیدگی میں کمی کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اردن دیگر ممالک سے مسئلہ کشمیر پر مشاورت کریگا۔