لاہور28 اگست:وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت آج پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا – وزیر اعلی نے مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کے خلاف بلا تفریق کریک ڈاؤن جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھی کسی دباؤ کے بغیر کارروائی کی جائے-انتظامیہ پرائس کنٹرول کیلئے خود میدان میں نکلے – دفتروں میں بیٹھ کر عوام کو ریلیف نہیں دیا جا سکتا – عملی اقدامات کر کے اشیاء ضروریہ کی مقررکردہ نرخوں پر فروخت یقینی بنائی جائے-
انہوں نے کہا کہ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرا کر قانونی تقاضے پورے کئے جائیں اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس عوام کو ریلیف دینے کے لئے اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کو روزانہ کی بنیاد وں پر چیک کریں – وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے ہر ضروری قدم اٹھایا جائے گا- وزیر اعلی نے پولیس کو مساجد، امام بارگاہوں اور عبادت گاہوں کی سیکورٹی کو مزید فول پروف بنانے کی ہدایت کی -انہوں نے کہا کہ دشمن عد م استحکام پیدا کرنے کی سازش کر رہا ہے اوردشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لئے ہمہ وقت چوکس رہنا ہو گا -انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کی سیکورٹی کے لئے انتظامات گز شتہ سال سے بڑھ کر کئے جائیں – موجودہ حالات میں ایک لمحے کیلئے بھی غافل نہیں رہا جاسکتا -وزیر اعلی نے اشتعال انگیز تقاریر اور مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کی اشاعت و تقسیم کے ذمہ داروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کسی کو دل آزری پر مبنی فعل کی اجازت نہیں دی جا سکتی – چیف سیکرٹری، کمشنر راولپنڈی ڈویژن، آرپی او راولپنڈی اور سی پی او روالپنڈی نے اجلاس میں شرکت کی-