لاہور(این این آئی)منشیات برآمدگی کے الزام میں گرفتار مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ کی اہلیہ نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ کے طبی ٹیسٹ کرانے کے لئے آج بدھ کے روز عدالت میں درخواست دائر کی جائے گی، انکے معالج پروفیسر ڈاکٹر فیصل مسعود کے انتقال کے بعد کسی اور ڈاکٹر سے بھی رجوع کیا جائے گا،عمران خان ہمارے خاندان کے خلاف بدترین سیاسی انتقامی کارروائیاں کروا رہے ہیں، اینٹی نارکوٹکس فورس والے ہمارے ہمدردوں کو ٹیلیفون کالز کر کے ہراساں کر رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی صاحبزادی اور نواسے کے ہمراہ کیمپ جیل میں رانا ثنا اللہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔نبیلہ ثنا اللہ نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کے حوصلے بلند ہیں اور وہ حکومت کی انتقامی کارروائیوں سے ہرگز خوفزدہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف ہمارے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، میرے والد کے انتقال پر بھی وہ رابطے میں رہے جبکہ لاہور سے بھی تمام لیگی رہنما والد کے انتقال پر تعزیت کیلئے میرے پاس آئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ایماء پر ہمارے خاندان کے خلاف بد ترین سیاسی انتقامی کارروائیاں کی جارہی ہیں لیکن یہ سچ کو جھوٹ اور جھوٹ کو سچ ثابت نہیں کر سکتے۔ ہمارے مدرسے کے اکاونٹس سیل کر دئیے گئے ہیں جبکہ میں نے انہیں اپنے دو گھر سسیل نہیں کرنے دئیے کیونکہ میں نے دونوں گھر اپنے گوشواروں میں ظاہر کر رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اینٹی نارکوٹکس فورس والے ہمارے ہمدردوں کو ٹیلیفون کالز کر کے ہراساں جبکہ مجھے بھی نامعلوم نمبروں سے کالیں آتی ہیں لیکن انہیں علم ہے کہ مجھے کال کرنے والے ڈیل کی پیشکش نہیں کر سکتے۔ میرے داماد شہریار کو ابھی تک رہا نہیں کیا گیا ہے، میرے والد کے انتقال کی وجہ سے وہ شدید پریشان تھا لیکن اللہ سب بہتر کرے گا۔