اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین ایف بی آر شبر عباس زیدی کی تقرری کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق شبر عباس زیدی کی بطور چیئرمین ایف بی آر تقرری کو ایڈووکیٹ ریاض حنیف نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔درخواست میں وفاقی حکومت،وزارت قانون انصاف،چیئرمین نیب سمیت شبر زیدی کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے رواں سال 9مئی کو شبر زیدی کو بطور چیئرمین ایف بی آر تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا،شبر زیدی چیئرمین ایف بی آر کے معیار پر پورا نہیں اترتے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت شبر زیدی کی بطور چیئرمین ایف بی آر تقرری کالعدم قرار دے اور نیب کو شبر زیدی کے ذرائع آمدن کی انکوائری کا حکم دے۔