پشاور(این این آئی)ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ قبائلی اضلاع کے نومنتخب19اراکین ا اسمبلی نے خیبرپختونخوااسمبلی میں حلف اٹھالیا۔سپیکر مشتاق غنی نے قبائلی اضلاع کے نومنتخب اراکین اسمبلی سے حلف لیا۔ حلف اٹھانے والے 19 اراکین میں سے نو کا تعلق پاکستان تحریک انصاف،تین کا تعلق بلوچستان عوامی پارٹی،چارمتحدہ مجلس عمل اور
ایک آزادکے علاوہ جماعت اسلامی اور عوامی نیشنل پارٹی کا ایک ایک رکن شامل ہے۔ مخصوص نشستوں پر دوخواتین کاانتخاب بعدمیں ہوگا حلف برداری کی تقریب کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے اورتمام مہمانوں کو اسمبلی عمارت میں داخل ہونے سے پہلے ان کی تلاشی لی گئی۔حلف برداری تقریب کے بعد 19 نومنتخب اراکین اسمبلی نے سپیکرکے سامنے رجسٹرڈپردستخط کئے اس موقع پر اراکین اسمبلی اپوزیشن رہنماؤں کے علاوہ وزیراعلی اور صوبائی وزراء سے بھی بغل گیر ہوتے رہے۔حلف اٹھانے والے اراکین اسمبلی میں باجوڑ سے تعلق رکھنے والے انورزیب،اجمل خان،سراج الدین،مہمندسے تعلق رکھنے والے نثارمہمدخان،عباس رحمان،خیبرکے شفیق الرحمن،بلاول آفریدی،محمدشفیق،کرم سے تعلق رکھنے والے محمدریاض،اقبال اورکزئی کے غازی غزن جمال،شمالی وزیرستان کے اقبال خان، میرکلام خان اورجنوبی وزیرسان کے حسام الدین،نصیراللہ اور ایف آرزکے محمدشعیب کے علاوہ مخصوص نشستوں پرآنے والی انیتامحسود اور نعیمہ کشور جبکہ اقلیتی رکن ولسن وزیرشامل ہیں۔