اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف نے 1998ء میں پاکستان کو پہلی موٹروے کا تحفہ دیا تھا جس پر آپ 21سال تنقید کرتے رہے،نواز شریف نے پانچ سالوں میں ملک میں 11000 کلومیٹر سڑکوں اور 1700 کلومیٹر موٹرویز کا جال بچھایا،آپ پشاور میں ایک کھرب کے کھڈے کھود کر بھی ایک میٹرو نہ بناسکے،
آپ کی نالائقی نے پشاور کے شہریوں کی روزمرہ نقل وحرکت کو بھی عذاب بنادیاہے۔ ترجمان پاکستان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے ’نقل وحمل کے موجودہ ذرائع ناکافی ہونے‘ کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران صاحب نواز شریف نے 1998ء میں پاکستان کو پہلی موٹروے کا تحفہ دیا تھا جس پر آپ 21سال تنقید کرتے رہے ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پانچ سالوں میں پورے ملک میں 11000 کلومیٹر سڑکوں اور 1700 کلومیٹر موٹرویز کا جال بچھایا،شہباز شریف نے پانچ سال میں لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور ملتان میٹروز بنا کر عوام بالخصوص نوجوانوں کی نقل و حرکت میں آسانیاں پیدا کیں۔انہوں نے کہا کہ عمران صاحب آپ نے شہباز شریف کی چار میٹروز پر تنقید کی لیکن آپ پشاور میں ایک کھرب کے کھڈے کھود کر بھی ایک میٹرو نہ بناسکے،آپ کی نالائقی نے پشاور کے شہریوں کی روزمرہ نقل وحرکت کو بھی عذاب بنادیا۔انہوں نے کہا کہ عمران صاحب پشاور میٹرو کے ایک کھرب کے کھڈوں نے پشاور کے شہریوں کے نقل و حمل کے ذرائع تباہ کر دئیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے لاہور اورنج ٹرین بنائی جو پشاور کے ایک کھرب کے کھڈوں کی طرح آپ کی نالائقی کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہے ،عمران صاحب بتائیں چھ سال خیبر پختونخواہ اور ایک سال وفاق میں حکومت کے باوجود ایک کلو میٹر سڑک جو آپ نے ذرائع نقل و حمل میں اضافے کے لئے بنائی ہو؟۔انہوں نے کہا کہ عمران صاحب شہباز شریف کا عالمی شہرت یافتہ ”پکیاں سڑکاں سوکھے پینڈے“ جس نے پورے پنجاب کے دیہاتوں اور کسانوں کو مارکیٹ سے ملادیا، اس سکیم کا مطالعہ کریں۔