نارووال(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان جب سے برسرے اقتدار آئے ہیں تب سے دس لاکھ افراد بے روز گار ہو چکے ہیں،موجودہ حکومت میں مہنگائی دس سال کی بلند ترین سطح پر ہے۔یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غریب محنت کش بجلی کا بل ادا کرے تو بچوں کی فیسیں نہیں دے سکتا، مہنگائی کے اس دور میں دو وقت کی روٹی کمانا مشکل ہو چکا ہے۔اناڑی حکمرانوں نے ملکی
معیشت کو تباہ کر دیا ہے اور اس کی سزا عوام بھگت رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ عمران خان نیازی نے اپنی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں انتشار پیدا کر رکھا ہے۔ظالم حکمرانوں کو کرسی سے اتارنا ہے جو ملک کو تباہ و برباد کرنے پر تلے ہیں،ہم نے قائد اعظم کے پاکستان کو بچانا ہے اور ترقی کے راستے پر گامزن کرنا ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پاکستان کو کمزور نہ سمجھیں، کشمیر میں بے گناہوں پر ظلم و بربریت کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔