لاہور(این این آئی) پنجاب حکومت نے بڑے منصوبوں کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے بڑا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت تمام بڑے منصوبوں کے کاغذات منظوری سے قبل تصدیق کے لیے قومی احتساب بیورو (نیب)کو بھجوائے جائیں گے،پنجاب حکومت کے اس فیصلے کے بعد کسی بھی بڑے پراجیکٹ کی منظوری اب نیب کی اجازت سے مشروط ہو گئی ہے۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ اس فیصلے کے بعد بیوروکریسی نے واضح کر دیا ہے کہ اگر کسی پراجیکٹ میں سیاسی
مداخلت ہوئی بھی تو افسران نیب میں جا کر صفائیاں پیش نہیں کریں گے۔واضح رہے کہ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدارکی سربراہی میں ہونیوالے اجلاسوں میں بعض افسران نے اس معاملے سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا تھا۔بعض افسران نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اتھارٹیز کو میرٹ پر فنڈز جاری کئے جائیں۔بیوروکریسی نے موقف اختیار کیا تھا کہ گزشتہ دور حکومت میں کمپنیوں میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں اس لیے ہم اب مزید کوئی رسک نہیں لے سکتے۔