لاہور(این این آئی) احتساب عدالت نے سلمان شہباز کی جائیداد قرقی کے لیے 30 اگست کی تاریخ مقرر کردی۔احتساب عدالت میں سلمان شہباز کی جائیداد قرقی اور وارنٹ گرفتاری کی درخواست پر سماعت ہوئی۔مقدمہ کے تفتیشی اور تعمیل کنندہ نے عدالت کے روبرو بیانات ریکارڈ کروائے۔ انہوں نے کہا کہ سلمان شہباز کے وارنٹ گرفتاری کے لیے ماڈل ٹاؤن میں نوٹس لے کر گئے لیکن وہ وہاں موجود نہیں تھے۔ نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ سلمان شہباز کو بارہا طلبی کے نوٹس جاری کیے
لیکن وہ ملک سے فرار ہو چکے ہیں۔خیال رہے کہ سابق وزیراعلی پنجاب کے صاحبزادے سلمان شہباز کی جائیداد ضبط کرنے کیلئے دائر کردہ درخواست میں نیب نے موقف اختیار کیا ہے کہ منی لانڈرنگ کیس میں سلمان شہباز کو 6 دفعہ کال اپ نوٹس جاری کیے گئے تاہم انہوں نے نیب انوسٹی گیشن جوائن نہیں کی، سلمان شہباز ملک سے باہر فرار ہو چکے ہیں۔اس کے بعد احتساب عدالت نے سلمان شہباز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے پولیس کو انھیں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔