اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے موبائل فون کمپنیوں کے لائسنس تجدید کے معاملہ پر دو نجی موبائل کمپنیوں (ٹیلی نار،موبی لنک) کو دو ہفتوں میں پچاس فیصد لائسنس فیس جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں کمپنیاں کم از کم چھتیس چھتیس ارب روپے دو ہفتوں میں جمع کرائیں ۔ بدھ کو کیس کی سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کی،پی ٹی اے نے ایک لائسنس تجدید کے لئے 72 ارب روپے فیس مقرر
کی تھی ،موبائل کمپنیوں نے پی ٹی اے کے فیصلے کے خلاف ہائیکورٹ میں اپیل کررکھی ہے ۔عدالت نے گارنٹی کے طور پر دونوں کمپنیوں کو آدھی لائسنس فیس جمع کرانے کا حکم دیا اور کہاکہ اپیل پر فیصلہ آنے تک دونوں موبائل کمپنیاں آدھی رقم جمع کرائیں ۔ عدالت نے کہاکہ نئے لائسنس فیس کی آدھی رقم ادا کئے بغیر حکم امتناع نہیں دے سکتے۔ بعد ازاں کیس کی سماعت آئندہ ماہ تک کے لئے ملتوی کر دی گئی ۔