کراچی(این این آئی)سی اے اے نے تین ایئرپورٹس پر جدید ڈیجیٹل ایئرپورٹ ٹرمینل انفارمیشن سسٹم نصب کردیئے ہیں،پہلے مرحلے میں کوئٹہ، سکھر، فیصل آباد ایئرپورٹ پر ڈی اے ٹی آئی ایس سسٹم نصب کئے گئے ہیں، مذکورہ جدید سسٹم نصب کرنے سے کپتانوں کو لینڈنگ سے قبل موسم کی صورتحال سے آگاہی حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ذرائع کے مطابق ڈی اے ٹی آئی ایس سسٹم موسم کی صورتحال سے کپتان کو 40سے60نارٹیکل مائل تک کی رہنمائی فراہم کرے گا۔
موسم کی خرابی کے باعث پروازوں کا ناہموار ہونا اور لینڈنگ کے دوران مسائل پیدا ہوتے تھے۔جدید سسٹم نصب کرنے کا مقصد مختلف ایئرپورٹس پرموسم کی صورتحال سے کپتانوں کو آگاہ رکھنا ہے، بوئنگ777اور دیگر طیاروں میں جدید سسٹم موجود ہوتا ہے جبکہ بعض طیاروں میں سسٹم نہ ہونے کی وجہ سے کپتان کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک کے دیگر ایئرپورٹس پر بھی جلد جدید سسٹم نصب کردیا جائیگا، ڈنمارک سے برآمد کیے گئے جدید سسٹم پر 3کروڑ روپے سے زائد کی لاگت آئی ہے۔