اسلام آباد (این این آئی)ملک بھر میں ایک ساتھ عید اور رمضان کیلئے اسلامی نظریاتی کونسل بھی متحرک ہوگئی ہے، اسلامی نظریاتی کونسل نے پشاور کے معروف عالم دین مفتی شہاب الدین پوپلزئی سے رابطہ کرکے ملاقات کا وقت مانگ لیا ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی ٹیم کو محکمہ موسمیات کی تکنیکی ٹیموں سے ملوانے کا فیصلہ کیا گیا،مفتی پوپلزئی کی ٹیم کی چاند کی پیدائش اور رویت سے متعلق بریفننگ دی جائیگی۔اسلامی نظریاتی کونسل کے ذرائع کے مطابق مفتی شہاب الدین پوپلزئی
اور انکی ٹیم کو سمجھایا جائیگا کہ چاند کی رویت ممکن نہیں تو نظر کیسے آ سکتا ہے؟رویت کے حوالے سے مفتی پوپلزئی کے تحفظات بھی دور کرنے کی کوشش کی جائیگی،عید الاضحی پر چاند کی رویت کا مسئلہ نہیں ہوتا۔ادھر عیدالاضحی کے حوالے سے محکمہ موسمیات اور وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے مختلف تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔محکمہ موسمیات نے عیدالاضحی 13 اگست جبکہ فواد چوہدری نے عیدالاضحی 12 اگست کو ہونے کا اعلان کیا ہے۔