اسلام آباد (این این آئی) اپوزیشن اتحاد نمبر گیم پوری ہونے کے باوجود صادق سنجرانی کو ہٹانے کے حوالے سے خدشات کا شکار ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین سینیٹ کے لیے خفیہ ووٹنگ کا طریقہ کار ہونے کے باعث اپوزیشن کو جیت کے حوالے سے خدشات ہیں۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز صادق سنجرانی کو ووٹ دے سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اے پی سی میں صادق سنجرانی کو ہٹانے کے فیصلہ کے باوجود ن لیگ اور پی پی کے کئی سینیٹرز اس فیصلہ سے متفق نہیں۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن
کے سینئر رہنماؤں نے پارٹی قیادت کو مشورہ دیتے ہوئے کہاکہ صادق سنجرانی کو ہٹانے کے لیے عملی کوشش سوچ سمجھ کر کی جائے۔ سینئر رنماؤں نے قیادت کو مشورہ دیا کہ خفیہ ووٹنگ کے باعث چیئرمین کو ہٹانے میں ناکامی کے امکان کو بھی ذہن میں رکھا جائے۔ لیگی سینیٹرز نے بھی خدشات سے قیادت کو آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ چیئرمین کے خلاف تحریک اعتماد کی ناکامی سے اپوزیشن کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔ ایک لیگی سینیٹر کا صادق سنجرانی کو ہٹانے کی کوششوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ لگتا ہے سب پہلی تنخواہ پر کام کریں گے۔