اسلام آباد(آن لائن) رواں مالی سال کے ابتدائی 11ماہ کے دوران تجارتی خسارے میں 13.6 فیصد کمی واقع ہوئی ہے اور تجارتی خسارے کا حجم 33ارب 80 کروڑ ڈالر سے کم ہو کر 29 ارب 20 کروڑ ڈالر رہ گیا۔ بدھ کو پاکستان بیورو برائے شماریات کی طرف سے جاری ہونے والے اعداد وشمار کے مطابق جولائی 2018ء سے مئی 2019ء تک گذشتہ مالی سال کے اس عرصے کے مقابلے میں برآمدات میں 0.30 فیصد کی کمی دیکھنے میں آئی ہے
اور برآمدات کا حجم 21 ارب 26 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے جو کہ گذشتہ مالی سال کے اس عرصے میں 21 ارب 33 ڈالر تھا۔رواں مالی سال کے دوران مئی تک درآمدات میں 8.47 فیصد کی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے اور درآمدات کا حجم 50 ارب 14 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے جو کہ جولائی 2017ء سے مئی 2018ء کے دوران 55 ارب 14کروڑ ڈالر تھا۔رواں مالی سال کے دوران مئی میں درآمدات میں 12.8 فیصد کی کمی دیکھنے میں آئی ہے اور اس ماہ میں درآمدات کا حجم 5 ارب 70 کروڑ ڈالر سے کم ہو کر 5 ارب 4 کروڑ ڈالر تک آ گیا ہے۔مئی میں برآمدات میں بھی 1.72 فیصد کی کمی دیکھنے میں آئی ہے اور اس مہینے میں برآمدات 2ارب 10 کروڑ ڈالر سے تک آ گئی ہیں۔ مئی میں 73 ارب 30 کروڑ روپے کی پٹرولیم مصنوعات،55 ارب 30کروڑ روپے کا خام تیل اور 49 ارب روپے کی ایل این جی کیساتھ ساتھ 31 ارب 40 کروڑ روپے کی پلاسٹک کی مصنوعات، 28 ارب 82 کروڑ روپے کا لوہا اور سٹیل،21 ارب 20 کروڑ روپے کی بجلی پیدا کرنے کی مشینری درآمد کی گئی جبکہ نیٹ وے کی برآمدات کا حجم 39 ارب 90 کروڑ روپے، سلے سلائی ملبوسات کا حجم 36 ارب 86 کروڑ روپے، بیڈ ویئر کی برآمدات کا حجم 27 ارب 44کروڑ روپے اور باسمتی چاول کی برآمدات کا حجم 12ارب 2 کروڑ روپے رہا ہے۔