لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک):وزیراعلیٰ سردارعثمان بزدار سے آج پنجاب اسمبلی کے کمیٹی روم میں لاہور ڈویژن سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔اراکین اسمبلی نے فرداً فرداً وزیراعلیٰ کو اپنے حلقوں اور علاقوں کے مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور فلاح عامہ کے کاموں سے آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ نے عوامی مسائل کے حل اور فلاح عامہ کے منصوبوں کے حوالے سے متعلقہ حکام کو موقع پر ہی ہدایات دیں
وزیر اعلی نے اراکین اسمبلی کے مطالبے پر سابق دور میں لاہور کے حلقوں کیلئے سرکاری خزانے سے اربوں روپے کے فنڈز کے اجراء اور خرچ کرنے کے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ قومی وسائل عوام کی امانت ہیں اور قومی وسائل کو ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کرنا خیانت ہے۔ ہم سرکاری خزانے کی پائی پائی کے امین ہیں۔ سابق دور میں عام انتخابات سے قبل حلقوں کیلئے جاری ہونے والے اربوں روپے کے فنڈز اور ان کے استعمال کی غیر جانبدارانہ انکوائری ہوگی۔کسی کو قومی وسائل کی لوٹ مار نہیں کرنے دیں گے اورعوام کا پیسہ عوام پر ہی خرچ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھائیں گے۔اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں غیر ضروری اضافہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ ادارے اور انتظامیہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے کے ذمہ داروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کریں اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے متحرک انداز میں فرائض سرانجام دیئے جائیں – انہوں نے کہا کہ لاہور ڈویژن میں پینے کے صاف پانی کا مسئلہ حل کیا جائے گا اورسیوریج کے نظام اور صفائی کی صورتحال کو مزید بہتر بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ میں ایماندار افسروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے لاہور سے مریدکے اور نارنگ منڈی تک لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کی بسوں کو دوبارہ چلانے کی ہدایت کی اورکہا کہ
متعلقہ حکام اس ضمن میں جلد اقدامات کرکے روٹ کو بحال کریں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ہر قدم عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے ہے۔انہوں نے کہا کہ مریدکے میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا کیمپس بنایا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے لاہور ڈویژن سمیت صوبے کی 257 غیر فعال واٹر سپلائی سکیمو ں کی بحالی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان سکیموں کی بحالی کیلئے فنڈز مختص کر دیئے گئے ہیں۔لاہور،
شیخوپورہ، قصور اور ننکانہ صاحب میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ واربرٹن میں اراضی سینٹر قائم کیا جائے گا۔شاہکوٹ۔ جڑانوالہ روڈ کو ترجیحی بنیادوں پر بحال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ننکانہ صاحب میں بابا گورو نانک یونیورسٹی بھی بن رہی ہے جبکہ ایل ٹی سی کی بسوں کو ننکانہ صاحب تک چلانے کا جائزہ لیا جائے گااور پتوکی میں ٹراما سینٹر بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ نجی ہاؤسنگ سکیموں میں بنیادی ضروریات فراہم کرنا مالکان کی ذمہ داری ہے۔ نجی ہاؤسنگ سکیموں میں رہائش پذیر لوگوں کو بنیادی ضرورتوں کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے انتظامیہ کو ہدایات جاری کردی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کیلئے زرعی کریڈٹ کارڈ کا اجراء کیا جائے گا۔ ایل ڈی اے جو ریونیو قصور، شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب سے اکٹھا کرے گا، وہ انہی اضلاع پر
خرچ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کا دائرہ کار دیگر اضلاع تک بڑھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بائیو گیس سے پلانٹ لگانے کے مواقع موجود ہیں اور ہماری حکومت بائیو گیس پلانٹس لگانے کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت اقدامات کرے گی- وزیر اعلی نے کہا کہ لاہور کے ڈرینج سسٹم کو بہتر بنایا جائے گا تا کہ موسم برسات میں بارش کا پانی سڑکوں پر کھڑا نہ ہو –
انہوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی کی جانب سے جو تجاویز اور سفارشات دی گئی ہیں ان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا-وزیراعلیٰ نے رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کے حوالے سے صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال اور ان کے محکمے کی کارکردگی کی تعریف کی۔صوبائی وزراء میاں محمودالرشید، میاں اسلم اقبال، مراد راس، آصف نکئی، ہاشم ڈوگر، خالد محمود، یاسمین راشد،
چیف وہپ پنجاب اسمبلی سید عباس علی شاہ، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، کمشنر لاہور ڈویژن، سی سی پی او لاہور، آر پی او شیخوپورہ، لاہور، قصور، شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ اے پی سی ذاتی مفادات اور لوٹ مار کی دولت کو تحفظ دینے کی بیٹھک ہے۔ اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں۔ ملکی مفادات پر ذاتی مفادات کو ترجیح دینا عوام کے ساتھ مذاق کے مترادف ہے۔ آج یہاں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔ پاکستان کی ترقی و عوام کی خوشحالی کا سفرکھوٹا
کرنے والے آج اے پی سی کا انعقاد کر رہے ہیں۔ عوام جانتے ہیں ماضی میں انہی جماعتوں نے معیشت کو تباہ و برباد کیا۔مسترد شدہ عناصر ملک کو درست سمت پر چلتا دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا گٹھ جوڑ عوام کیلئے نہیں بلکہ اپنی کرپشن بچانے کیلئے ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کو پہلے بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور آج اے پی سی بھی ناکام رہے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے لورا لائی پولیس لائنز پر دہشت گردو ں کے حملے کی کوشش ناکام بنانے پر پولیس اہلکاروں کی بہادری کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے جرأت اور بہادری کا مظاہرہ کرکے دہشت گردو ں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا اور خودکش بمباروں کو جہنم واصل کیا۔ وزیراعلیٰ نے شہید کانسٹیبل اللہ نواز کی
جرأت اور بہادری کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید کانسٹیبل نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر بڑے نقصان سے بچایا۔ قوم کو کانسٹیبل اللہ نواز کی شہادت پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے امن کی خاطر جانیں قربان کرنے والے شہداء ہمارے ہیرو ہیں۔ وزیراعلیٰ نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔وزیراعلی ٰپنجاب سردار عثمان بزدار نے آج بھی پنجاب اسمبلی کے
بجٹ سیشن میں شرکت کی-قبل ازیں وزیر اعلی پنجاب اسمبلی پہنچے اور لاہور ڈویژ ن سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سے ملاقات کی، بعد ازاں وزیر اعلی نے اپنے چیمبر میں مختلف ا ضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے اوران کے حل کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے-