کراچی(این این آئی)نئے مالی سال میں حکومت کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے، اہداف حاصل کرنا بھی مشکل مرحلہ ہوگا۔ معاشی ماہرین کے مطابق موجودہ صورتحال میں حکومت کیلئے معیشت کو درست سمت میں لے جانا آسان ثابت نہیں ہو گا۔نیا مالی سال پاکستان کی معیشت کے لئے کافی مشکل ترین ثابت ہوگا، حکومت ترقی میں اضافے کے لئے ایڑھی چوٹی کا زور تو خوب لگارہی ہے اور کڑوی گولیوں کو نگلنے کا عندیہ بھی دے رہی ہے جس میں 5555 ارب روپے کے محصولات کا ہدف
، 31 سو ارب روپے سے زائد کا خسارہ، معاشی ترقی کی شرح 10 سال کی کم ترین سطح پر رہنے کا خدشہ ہے۔دوسری جانب ڈالر ہے جو کسی صورت قابو میں نہیں جس سے مہنگائی کی رفتار ڈبل ڈیجٹس تک جانے کی پیش گوئی کی جارہی ہے۔حکومت کے لئے معاشی اہداف کا حصول مشکل تو ضرور ہے مگر یقینی طور پر ناممکن نہیں، عوام کا ایف بی آر پراعتماد بڑھ جائے تو ٹیکس چوری میں کمی سے سرکار کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے جس سے معیشت ترقی کی ڈگر پر چل سکتی ہے۔