کراچی(این این آئی)پی آئی اے کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا ہے کہ تقریباً ڈیڑھ برس سے ناقابل استعمال قرار دے کر گراؤنڈ کئے گئے ایک بوئنگ777طیارے کو دوبارہ مرمت کرکے آپریشن میں شامل کردیا گیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے کہا کہ اللہ کریم کی مہربانی سے ہم اپنے ایک اور گراؤنڈ کئے گئے طیارے ایئر بس اے320 کی مکمل بحالی میں کامیاب ہو جائیں گے اور انشاء اللہ جون کے مہینے میں یہ طیارہ بھی آپریشن میں شامل ہو جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ ہمارا اصل مقصد مسافروں کی سہولتوں کو بہتر بنانا اور ادارے کی آمدنی میں اضافہ کرنا ہے۔ ہماری آمدن میں اضافے کی بنیادی وجہ پروازوں کے شیڈول میں 90 فیصد تک کی بہتری اور سیٹ فیکٹر85 فیصد سے زائد ہونا ہے۔انہوں نے کہاکہ طیاروں میں ”لیگ اسپیسی یا بلک ہیڈ“ والی کشادہ نشستوں کو سفارشی طور پر مختص کرنے کی بجائے عام پبلک کے لئے فروخت کے لئے پیش کیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ اس اقدام سے ایک ماہ سے بھی کم مدت میں دس ملین روپے کی اضافی آمدن حاصل ہوئی ہے جبکہ اس مد میں سالانہ آمدن میں 220-250 ملین روپوں کا اضافہ متوقع ہے۔ان کا کہنا ہے کہ کارگو کے شعبے پر بھی بھر پور توجہ دی جارہی ہے۔ بیرون ملک کارگو کی ترسیل کا لوڈ فیکٹر فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ نئے جدید ٹیکنالوجی کے حامل اور کم ایندھن خرچ کرنے والے با کفایت طیارے بھی حاصل کرنے کا عمل شروع کر رکھا ہے۔نئے مقامات کے لئے پروازیں بھی جلد شروع کی جائیں گی۔ پی آئی اے کی بہتری کے لئے درست سمت میں گامزن ہیں اور اس سمت میں یہ سفر جاری رہے گا۔ ایئر لائن کی ترقی کی واضح طور پر نظر آنے والی کامیابیوں پر پوری قوم کو مبارکباد دیتا ہوں۔دریں اثناء پی آئی اے انتظامیہ نے غیر ضروری اخراجات کو کنٹرول کرنے کیلئے کراچی سے براہ راست لندن جانے والی پروازیں ختم کرنے پر غور شروع کردیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پی آئی اے میں اصلاحات کا عمل جاری ہے، غیر ضروری اخراجات کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کا آغاز کردیا گیا، کراچی سے براہ راست لندن جانے والی پروازیں ختم کرنے پر غور شروع کر دیا گیا اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے پہلے کراچی سے لندن کیلئے براہ راست ہفتہ بھر میں تین پروازیں آپریٹ کرتی تھیں، لوڈ کم اور اخراجات میں اضافے کی وجہ سے رواں ماہ کے
دوسرے ہفتہ سے کراچی سے لندن جانے والی پروازیں ختم کردی جائیں گی۔صرف ہفتے میں لوڈ ہونے پر ایک پرواز کراچی سے لندن کیلئے آپریٹ کی جائیگی، پی آئی اے لندن کے لئے بوئینگ 777 طیارے آپریٹ کر تی ہے، مسافروں کی مطلوبہ تعداد نہ ہونے کی وجہ سے طیارے کے ایندھن سمیت دیگر اخراجات برداشت کرنا پڑ رہے تھے۔ذرائع کے مطابق پی آئی اے نے لندن سے اسلام آباد کیلئے اپنی پروازوں میں مزید اضافہ کررہی ہے، قومی ائیرلائن سیالکوٹ سے براہ راست لندن کیلئے پرواز شروع کی جائیگی