اسلام آباد (این این آئی) سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے سینیٹ میں دھمکی دی ہے کہ اگر سوموار تک آصف علی زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کیے گئے تو ہم پارلیمنٹ نہیں چلنے دیں گے۔ جمعہ کو بجٹ پر بحث شروع کرنے سے قبل سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ آصف علی زرداری کی صحت ٹھیک نہیں ہے، اگر زرداری صاحب کو کچھ ہوا تو حکومت ذمہ دار ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ سب کے پروڈکشن آرڈر جاری ہوتے ہیں، آصف علی زرداری کے پروڈکشن آرڈر
کیوں جاری نہیں ہو رہے؟ایمنسٹی اسکیم کے حوالے سے سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ یہ پرسنل ایمنسٹی اسکیم ہے،یہ آپ کا تیسرا بجٹ ہے، ایک منی بجٹ، دوسرا آئی ایم ایف، اور تیسرا یہ بجٹ جس پر بحث کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا عمران خان یہ سٹریٹ پاور نہیں سیاسی پاور ہے،میڈیا ٹرائل سے نکلیں۔رحمان ملک نے کہا اسی جگہ میں نے کھڑا ہو کے کہا تھا کہ ڈالر 120 130 سے اوپر جائے گا اور وہ گیا،اگر یہی حالات رہے تو اب ڈالر 160 سے 180 تک جا سکتا ہے۔