اسلام آباد (این این آئی)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومتی اتحادی بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کی اپوزیشن میں شمولیت کی پیشکش پر مذاکرات کیلئے چار رکنی کمیٹی بنا دی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق بی این پی مینگل سے مذاکرات کے لیے قائم کمیٹی میں خورشید شاہ، نیئر بخاری، راجا پرویز اشرف اور فرحت اللہ بابر شامل ہیں۔بلاول بھٹو کے پولیٹیکل سیکرٹری جمیل سومرو نے کمیٹی کے قیام کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔
کمیٹی بی این پی مینگل سے حکومتی اتحاد چھوڑ کر اپوزیشن میں شمولیت کے لیے مذاکرات کرے گی۔ذرائع کے مطابق اختر مینگل نے بلاول بھٹو کو مذاکراتی کمیٹی کے قیام کے لیے پیغام بھجوایا تھا اور مطالبات کی حمایت کے بدلے اپوزیشن میں شمولیت کی پیشکش کی تھی۔اختر مینگل نے پیغام بھیجا تھا کہ اپوزیشن ہمارے مطالبات پر ہمارے ساتھ تحریری معاہدہ کرے، مذاکرات کامیاب ہونے کی صورت میں بی این پی مینگل اپوزیشن اتحاد کا حصہ بن جائے گی۔