اسلام آباد (این این آئی)عراق نے پاکستانی زائرین کو بدتمیزی و تشدد کا نشانہ بنائے جانے پر پاکستان سے معذرت کرلی، واقعے میں ملوث ایئر ویز اور پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق عراق میں پاکستانی زائرین سے بدتمیزی کرنے اور انہیں تشدد کا نشانہ بنانے کے واقعے پر عراق نے پاکستان سے معذرت کرلی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عراقی حکومت نے پاکستانی سفیر کے ذریعے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔ذرائع کے مطابق واقعے میں ملوث ایئر ویز اور پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے، عراقی حکام نے یقین دہانی کروائی
ہے کہ اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔خیال رہے کہ پاکستانی زائرین نے عراقی ایئر لائن میں ایئر کنڈیشنڈ خراب ہونے پر احتجاج کیا تھا جس پر انتظامیہ نے انہیں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور بغداد ایئر پورٹ پر محصور کردیا تھا۔مسافروں کے مطابق عراقی پولیس نے پاکستانی مسافروں سے موبائل فون میں تشدد کی ویڈیو ڈیلیٹ بھی کروائی اور تمام مسافروں کا موبائل فون چیک کیا۔پاکستانی سفارتخانے کے حکام نے بر وقت پہنچ کر مسافروں کو رہا کروایا، بعد ازاں پاکستانی مسافر پی آئی اے کی پرواز 409 کے ذریعے کراچی پہنچے۔