اسلام آباد(این این آئی) اپوزیشن نے سابق صدر آصف علی زر داری اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی گرفتاری پرسوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ فیصلے پارلیمنٹ کریگی یا پھر دوسرے ادارے؟۔ منگل کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا شہباز شریف کی زیر اپوزیشن چیمبر میں ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہاکہ
نالائق، نااہل اور جھوٹی حکومت نے عام آدمی کی زندگی اجیران بنادی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سرمایہ کاری میں بتدریج کمی، قومی ترقی ختم، مہنگائی تین گنا اور ڈالرآسمان پے ہے۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ حکومت احتساب اور سیاسی مخالفین کی گرفتاریوں کے شورشرابے میں مہنگائی کے سیلاب کو چھپانا چاہتی ہے۔ شہباز شریف نے کہاکہ اپوزیشن حکومت کے عوام دشمن بجٹ کو نام نہاد احتساب کے شور میں گم نہیں ہونے دیگی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور عوام کے مفاد میں اورعوام دشمن بجٹ کے خلاف تمام سیاسی جماعتوں کا جمع ہونا خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام کو اپوزیشن سے توقعات ہیں،سیاسی مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایاجارہا ہے۔شہبازشریف نے کہاکہ اپنے نہیں پاکستان کے مفاد اور عوام کی بات کے لئے اکٹھے ہوئے ہیں۔ بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ مسئلہ نوازشریف یا آصف زرداری یا کسی اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری کا نہیں،سوال یہ ہے کہ ملک اور قوم کس طرف جارہے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ سوال یہ ہے کہ فیصلے پارلیمنٹ کریگی یا پھر دوسرے ادارے؟