لاہور( این این آئی )پنجاب حکومت نے سرکاری اداروں میں ناقابل استعمال اور بوجھ کی حامل اشیاء کی نیلامی یا فروخت کا فیصلہ کرتے ہوئے اداروں کے سربراہان سے تفصیلات طلب کرنے کے ساتھ انہیں گرین سگنل دے دیا۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ
حکومت نے سرکاری اداروں کے سربراہان کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ناقابل استعمال گاڑیوں، مشینری اور فرنیچر کی تفصیلات سے آگاہ کرنے کے ساتھ ان کی نیلامی کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ ناقابل اسعمال اشیاء کو نیلام کرنے یا فروخت کرنے کے حوالے سے جو قواعد و ضوابط موجود ہیںان کی پاسداری کرتے ہوئے نیلامی کی جائے۔ سربراہان کو کہا گیا ہے کہ ناقابل استعمال گاڑیوں، مشینری اور فرنیچر کی فروخت کی رپورٹ ایوان وزیر اعلی کو 15یوم میں پیش کی جانی لازمی ہے۔ اس سلسلہ میں سیکشن آفیسر (آئی اینڈ سی ۔ون)ایس اینڈ جی اے ڈی کی جانب سے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، چیئر مین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے جس کے بعد ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل آف پولیس، صوبائی انتظامی سیکرٹریز، ڈویژنل کمشنرز اور صوبہ بھر میں تعینات ڈپٹی کمشنرز کوبھی مراسلہ بھجوا دیا گیا ہے ۔