اسلام آباد(سی پی پی )سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق میگا منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار سابق صدر آصف علی زرداری کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے سامنے پیش کیا گیا جہاں نیب نے آصف علی زرداری کے چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔نیب کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کی گرفتاری کے لیے 8 ٹھوس
گرائونڈز ہیں۔ جعلی اکائونٹس ٹرانزیکشن سے غیر قانونی رقم کو جائز کرنے کا منصوبہ تھا۔ نیب نے آصف زرداری سے متعلق شواہد بھی عدالت میں پیش کیے۔ ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ نیب کورٹ نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے آصف علی زرداری کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا ۔آصف علی زرداری 21 جون تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کی حراست میں رہیں گے۔