لاہور/کراچی(این این آئی)ملک کے مختلف شہروں میں گزشتہ روز بھی شدید گرمی کی لہر بر قرار ہی، رحیم یار خان اور سندھ کے شہر دادو میں پارہ 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، پنجاب میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق شدید گرمی نے گزشتہ روز بھی ملک کے مختلف شہروں کو اپنی لپیٹ میں لئے رکھا جس سے معمولات زندگی بری طرح متاثر رہے۔ شدید گرمی کی وجہ سے شہریوں نے دوپہر کے وقت اپنی معمول کی سر گرمیاں معطل رکھیں جس کی وجہ سے
شاہراہیں اور تجارتی مراکز سنسان رہے۔ گرمی کی شدت کم کرنے کیلئے شہریوں نے فیملیوں کے ہمراہ نہر اور پارکوں میں کھالوں کا رخ کیا۔گزشتہ روز رحیم یار خان اور دادو میں پارہ 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، بہاولنگر میں 47، بہاولپور میں درجہ حرارت 46 ڈگری،بنوں میں 44 ڈگری، ڈی جی خان 47، ڈی آئی خان میں 44، فیصل آباد 45، گوجرانوالہ میں 43، اسلام آباد میں 40، لاہور46،جہلم میں 43 ڈگری،صادق آباد میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔نواب شاہ، لاڑکانہ، خانیوال، خان پور میں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ملتان پارہ 45 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھوگیا۔دریں اثنا گرمی کی بڑھتی شدت کے باعث محکمہ صحت پنجاب نے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ڈی جی ہیلتھ نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ گرمی سے بچے اور بزرگ افراد ہیٹ سٹروک کا شکار ہو سکتے ہیں، سردرد، چکر، بلڈ پریشر اور غنودگی ہیٹ سٹروک کی علامات ہو سکتی ہیں۔ڈی جی ہیلتھ نے ہدایت کی ہے کہ دھوپ کے اوقات میں غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کیا جائے، دھوپ میں نکلنا ضروری ہو تو سر کپڑے سے ڈھانپ کر رکھیں۔محکمہ موسمیات نے آج پیر سے کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب بڑھنے کی پیشگوئی کی ہے جس سے گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے مالاکنڈ، ہزارہ، کوہاٹ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔