لاہور(پ ر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے سعودی عرب میں قیام کے دوران ٹویٹ میں کہا ہے کہ صوبے میں پروفیشنلز کو ٹیلنٹ کے اظہار کے بھرپور مواقع فراہم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ پبلک سیکٹر میں کام کرنے والے پروفیشنلزکے دیرینہ مسائل حل کئے جا رہے ہیں اور پنجاب میں انجینئرز کے لئے ٹیکنیکل الاؤنس کی منظوری ان کی قابلیت کے اعتراف کے مترادف ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ مخصوص محکموں میں کام کرنے والے انجینئرز کو بنیادی تنخواہ کا ڈیڑھ گنا ٹیکنیکل الاؤنس ملے گا اور ہمیں انجینئرزسے پہلے سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی توقع ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ
صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد محکمہ خزانہ کی طرف سے گزشتہ روز انجینئرز کے ٹیکنیکل الاؤنس کا نوٹیفکیشن جاری ہو چکا ہے۔ یہ الاؤنس ایچ ای سی سے منظورشدہ ڈگری کے ساتھ محکمہ زراعت، ہاؤسنگ، اریگیشن، مائنز اینڈ منرل، کمیونیکیشن اینڈ ورکس، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ میں فرائض سرانجام دینے والے انجینئرز کو دیا جائے گا۔ انجینئرز کا پاکستان انجینئرنگ کونسل سے رجسٹر ہونا لازمی ہے۔ اس طرح گریڈ 17 سے گریڈ 20 تک کے انجینئرز کو 45 ہزار 555 روپے سے ایک لاکھ 3 ہزار 635 روپے تک الاؤنس ملے گا۔