اسلام آباد (آن لائن) چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس بات پر برہمی کا اظہار کیا ہے کہ رکن قومی اسمبلی علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کئے۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے یہ بات زرداری ہا ؤ س اسلام آباد میں پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما ؤ ں کے ایک
اجلاس کے دوران کہی۔ اس اجلاس کی صدارت سابق صدر آصف علی زرداری اور پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مشترکہ طور پر کی جبکہ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، محترمہ فریال تالپور، سید نیر حسین بخاری، نوید قمر، مصطفی نواز کھوکھر، لطیف کھوسہ، ہمایوں خان، مرتضیٰ وہاب، قیوم سومرو، چوہدری منظور، عامر فدا پراچہ اور فرحت اللہ بابر بھی شامل تھے۔ اجلا س میں ملک کی مجموعی صورتحال، وزیرستان میں کشیدگی، افراط زر میں زیادتی اور ملک میں انتقامانہ احتساب کے عمل اور دیگر امور زیر بحث آئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نیب کی عدالت نیب کے دفتر میں بالترتیب آج بدھ کو پیش ہوں گے۔ اس موقع پر بلاو ل بھٹوکا مزید کہنا تھاکہ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے قابل احترام رکن پر دہشتگردی کا الزام لگا کر انہیں حراست میں رکھا گیا ہے اور اسپیکر قومی اسمبلی نے اس کا کوئی نوٹس نہیں لیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا کہ معزز رکن قومی اسمبلی علی وزیر کے پروڈکشن آرڈرز فی الفور جاری کئے جائیں۔