پشاور (این این آئی)انسداد بدعنوانی پشاور کی عدالت نے پاکستان مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام کے بیٹے اور کزن کی ضمانت منظور کر لی۔ منگل کو اینٹی کرپشن کورٹ کے جج سید کمال حسین شاہ نے پانچ، پانچ لاکھ کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی ۔انجینئر امیر مقام کے بیٹے اشتیاق امیر مقام، کزن محمد علی اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے تین اہلکاروں کی ضمانت منظور کی گئی۔این ایچ اے کے تین اہلکاروں میں محمد اشفاق، محمد ایاز اور محمد ارشد شامل ہیں۔ملزمان کی پیروی بیرسٹر مدثر
اور ثاقب خان ایڈووکیٹ نے کی۔ امیر مقام نے کہاکہ اللہ تعالی کا شکر گزار ہوں کہ اس نے ہمیں عوام اور قانون کی نظر میں سرخرو کیا۔امیر مقام نے کہاکہ وزیراعظم اور اس کے چہیتے و لاڈلے وزیر کے دباؤ پر بننے والے جھوٹے مقدمات عوام اور قانون کی عدالت میں زیادہ دیر تک ٹھہر نہیں سکتے۔امیر مقام نے کہاکہ نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ ن پاکستان کے عوام کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھے گی۔امیر مقام نے کہاکہ سیاسی انتقام ہمیں حق اور سچ کہنے سے خوف زدہ نہیں کر سکتا۔